71

کراچی میں آج درجہ حرارت 43 ڈگری تک پہنچنے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج کراچی میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے اورآئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے حکام نے مزید بتایا کہ کراچی میں جمعے کے روز درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچے کا امکان ہے جب کہ ہفتے سے شہر کا موسم دوبارہ معمول پر آنے کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مئی اور جون میں موسم معمول سے زیادہ گرم اور خشک رہے گا اور درجہ حرارت بھی معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔

یہ بھی پیشگوئی کی گئی ہے کہ مئی اور جون میں اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے بھی اوپر جاسکتا ہے۔

علاوہ ازیں گرم اور خشک موسم کےباعث اگلے دو ماہ پانی کے ذخائر بھی مسلسل کمی کا شکار رہیں گے۔

دوسری جانب رواں ہفتے اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے اور بعض مقامات پر بارش، ژالہ باری اور آندھی کے امکانات ہیں۔

موسم گرما کے لیے ضروری ہدایات:

اگر فضا میں ہوا نہ ہو تو شہری لو لگنے، ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کا شکار ہوسکتے ہیں۔

ہیٹ اسٹروک اُس وقت ہوتا ہے جب انسانی جسم اندرونی درجہ حرارت کو کم رکھنے کے لیے تیزی سے پسینہ خارج کرتا ہے تاکہ جسم کو باہر سے ٹھنڈک پہنچائی جاسکے۔

لیکن اگر پسینے کے اخراج کی صورت میں پیدا ہونے والی پانی کی اندرونی کمی کو فوراً پورا نہ کیا جائے تو پانی اور نمکیات کی کمی کے باعث جسم کا قدرتی کولنگ سسٹم ناکارہ ہوجاتا ہے اور انسان تھکاوٹ، سرسام یا لو لگ جانے جیسے جان لیوا امراض کا شکار ہوسکتا ہے۔

ان مہلک بیماریوں سے بچنے کےلیے طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ بلا ضرورت سائے دار جگہ سے مت نکلیں، اگر مجبوری میں باہر نکلنا پڑے تو احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

باہر نکلتے وقت سر اور کندھے پر گیلا کپڑا رکھیں اور ہلکے رنگوں والے کپٹرے پہنیں، جہاں تک ممکن ہو رش سے دور اور سایہ دار مقام پر رہیں۔
سورج سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال ضرور کریں۔
پانی ہر وقت اپنے ساتھ رکھیں اور وقفے وقفے سے پیتے رہیں اور ساتھ ہی اگر او آر ایس ملا لیں تو زیادہ بہتر ہوگا تاکہ جسم میں نمکیات اور پانی کی کمی با آسانی پوری ہو جائے۔
کھانے میں گوشت کے بجائے تازہ سبزیوں اور دالوں کا استعمال کریں تا کہ گرم غذا سے جسم کے اندرونی درجہ حرارت کو مزید گرم ہونے سے بچایا جا سکے۔
شدید گرمی میں 4 سال سے کم عمر بچے اور 60 سال سے زائد افراد کو خصوصی احتیاط کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد، ذیابطیس یا شوگر، امراض قلب اور ہائپر ٹینشن یا فشار خون کی زیادتی کے مریض شدید گرمی میں باہر نا نکلیں۔
وہ افراد جو دھوپ میں کام کرتے ہیں انہیں بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور انہیں مسلسل اپنے جسم پر پانی ڈالتے رہنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں