32

عاطف اسلم کی آواز میں ‘چلتے چلتے’ کے ریمیک پر لتا منگیشکر ناراض

حال ہی میں گلوکار عاطف اسلم نے بالی وڈ فلم ’مترون‘ کے لیے لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کے گانے ’یونہی کوئی مل گیا تھا، سر راہ چلتے چلتے‘ کا ریمیک گایا ہے جس پر گلوکارہ نے شدید خفگی کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ گانا ’چلتے چلتے‘ 1972 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پاکیزہ‘ کا ہے، جسے لتا منگیشکر نے اپنی آواز دی تھی، اس گانے کے موسیقار غلام محمد تھے جبکہ اس گیت کو کیفی اعظمیٰ نے لکھا تھا۔

اب یہ گانا فلم ’مترون‘ کے لیے ریمیک کیا گیا ہے، جسے عاطف اسلم نے گایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکارہ لتا منگیشکر نے گانے کے ریمیک پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے یہ گانا سنا ہے اور نہ ہی سننا چاہتی ہوں‘۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ’آج کل کلاسک گانوں کے ریمیک کا جو ٹرینڈ چل نکلا ہے یہ انتہائی افسوس ناک ہے، کیا گانوں کو بنانے کی صلاحیت یہ ہے کہ پرانے کلاسک گانوں کی موسیقی نقل کی جائے اور ان کی اصل شاعری میں ردو بدل کرکے انہیں پیش کیا جائے‘۔
انہوں نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ‘اس گانے کے اصل شاعر اور کمپوزرز نے اسے تیار کیا ہے، کسی کو اجازت نہیں کہ اسے تبدیل کریں، کیا محنت کی کوئی قیمت نہیں؟’

دوسری جانب گلوکارہ ایلکا یاگنک کے کامیاب گانے ’دلبر دلبر‘ کا بھی بالی وڈ فلم ’ستی میواجیت‘ کے لیے ریمیک بنایا گیا ہے۔

اس حوالے سے ایلکا یاگنک نے ردعمل دیا کہ ’ماضی کے سپر ہٹ گانوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے بجائے نئے موسیقار نیا گانا بنا کر اسے سپر ہٹ کیوں نہیں کرتے؟‘

گلوکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ‘ہمارے گانوں کے ساتھ تو یہ ہو ہی رہا تھا اور اب لتا جی کے گانوں کے ساتھ بھی شروع ہوگیا ہے، یہ قابل اعتراض ہے’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں