39

بھارتی سابق کرکٹر نجوت سنگھ سدھو پاکستان پہنچ گئے، عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

اسلام آباد : سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو پاکستان پہنچ گئے ، نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ عمران خان کی خوشی میں شریک ہونے آیا ہوں،عمران خان کو دیکھا کمزوری کو کیسے طاقت میں بدلا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے سابق کرکٹر نجوت سنگھ سدھو براستہ واہگہ بارڈرپاکستان پہنچ گئے ، سینیٹر فیصل جاوید نے سدھو کا استقبال کیا۔

نوجوت سنگھ سدھو نامزد وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر آئے ہیں، سدھو کل عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

پاکستان آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوت سنگھ نے مخصوص شاعرانہ انداز اپنایا اور شاعری کے ذریعے عمران خان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا پاکستان جیوے، سارا جہان جیوے، پیار، امن ،خوشحالی دا پیغام بن کے میرا یار عمران خان جیوے، پیار امن تے خوشحالی دا روپ بن کہ میرا یار دلدار عمران خان جیوے۔

سدھو نے کہا کہ عمران خان کی لمبی عمرکی دعائیں کرتاہوں، عمران خان کو کرکٹ میں میدانوں میں بہت دیکھا، ان کی کمزوری کو طاقت میں تبدیل کرتے دیکھا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ نصرت فتح علی خان ہوں یا وسیم اکرم فاصلے مٹانے ہیں، ہمیں فاصلے بڑھانے نہیں ختم کرنے ہیں، بھارت سے محبت اور امن کا پیغام لے کر آیا ہوں۔

انھوں نے کہا عمران خان کی دعوت پران کی خوشیوں میں شریک ہونے آیا ہوں،عمران خان عوام کی امید ہیں،عمران خان کیلئے تحفے کے طور پر ایک ’’شال‘‘لے کر آیا ہوں۔

سدھو کے اعزاز میں استقبالیہ اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ہوگا۔

یاد رہے بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ عمران سے 1983 کی دوستی ہے، عمران پر وشواس تھا،اب آس ہے، میرے دورے سے پاک بھارت دوستی کی بند راہیں کھلیں گی، اگلی بار پنچاب کے چیف منسٹر کو لاؤں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں